ایران امریکا جنگ کے بعد روسی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ تہران، ایرانی قیادت سے مذاکرات

روسی خبر رساں اداروں کے مطابق لاوروف اتوار کو بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کے بعد پیر کو تہران پہنچے۔ بحرین اجلاس میں خلیجی ممالک نے روس پر زور دیا تھا کہ وہ ایران پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے خطے میں حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کرے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق لاوروف کے دورے میں علاقائی اور عالمی صورتحال کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات میں تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور نقل و حمل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی بات ہوگی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن رواں ماہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ ماسکو جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششوں میں حصہ لینے کو تیار ہے۔
لاوروف کے دورے کو خطے میں روس کی سفارتی سرگرمیاں بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم جنگ بندی یا کشیدگی میں کمی کے حوالے سے کسی فوری پیش رفت کا اعلان سامنے نہیں آیا۔



