بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کیے گئے، جن کے دوران اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ٹریفک روکنے کی کوشش کرنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گرد کے قبضے سے 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ بیان کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری رفتار سے جاری رکھے جائیں گے۔



