زیلنسکی کا روسی آئل ریفائنریوں پر حملے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

کیف(ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی آئل ریفائنریوں پر حملے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر روسی حملے جاری رہے تو یوکرین مزید انتظار نہیں کرے گا۔

دنیا نیوز کے مطابق صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین نے امریکی تجویز پر عمل کرتے ہوئے تین روز تک روسی توانائی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا، تاہم روس کی جانب سے حملے جاری رہنے کی صورت میں یوکرین مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔

یوکرینی صدر کے اس اعلان سے روس کی توانائی تنصیبات پر حملوں میں دوبارہ شدت آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو جنگ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کا اہم پہلو ہیں۔

دوسری جانب صدر زیلنسکی نے امریکی انٹیلی جنس تعاون محدود کیے جانے کے ممکنہ اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے موجودہ حالات میں انٹیلی جنس تعاون یوکرین کی دفاعی حکمت عملی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

زیلنسکی نے اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس میں ممکنہ رکاوٹوں پر بھی خدشات ظاہر کیے۔ یہ سروس یوکرین میں فوجی رابطوں اور مواصلاتی نظام کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں توانائی تنصیبات پر حملوں اور امریکی تعاون سے متعلق فیصلوں کو آئندہ صورتحال کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button