ٹرمپ کا سعودی عرب کو حوثیوں سے نمٹنے کیلئے اسرائیلی کی مدد قبول کرنے کا مشورہ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثیوں کے خلاف اسرائیل کی مدد قبول کرلے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق 16 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف اسرائیلی مدد قبول کرنی چاہیے؟

تو اس پر امریکی صدر نے برجستہ نے کہا کہ ہاں، اس معاملے میں سعودی عرب کے لیے اسرائیل بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودیہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ شاید پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئے ہیں۔

تاہم صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان کسی نئے معاہدے یا مذاکرات کی بحالی کا اعلان نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 13 اکتوبر کو اسرائیلی اخبار ہاریتز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حوثیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی مدد کی پیشکش قبول کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی۔

اُس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد کو خدشہ تھا کہ اسرائیل کے ساتھ کھلے فوجی تعاون پر سعودی عوام کا ردعمل منفی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ابراہام معاہدوں کے تحت متعدد عرب ممالک نے امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کو تسلیم کرکے سفارتی تعلقات بحال کرلیے تاہم سعودی عرب نے صدر ٹرمپ کی متعدد یقین دہانیوں کے باجود تاحال ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button