مولانا فضل الرحمٰن کا دہشتگردی کے ذمہ داروں کی حمایت کرنا افسوسناک ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جیسے سینئر سیاستدان خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کی حمایت میں بات کرنا افسوسناک ہے۔
لاہور سے جاری اپنے میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ 13 سال میں وہ کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوئے؟ الٹا دہشت گردوں کو پناہ دی اور انہیں پالا پوسا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان پر حملہ آور ہونے کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور صوبے کی زمین فراہم کی، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاجوں پر خرچ کر دیے، 13 قیمتی سال کرپشن اور نالائقی کی نذر کر دیے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جس سپہ سالار نے معرکۂ حق میں ملک کو فتح سے ہمکنار کیا اس کے بارے میں مولانا کے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا۔
انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا ساتھ دینا آپ کے شایانِ شان نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل یہی آپ کے بارے میں ناشائستہ زبان استعمال اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں، دہشت گردی کے متاثرین کا دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا میری سمجھ سے بالاتر ہے۔



