پاکستان میں 2 سال کے دوران 43 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد، افغانستان، برطانیہ اور امریکا سرفہرست

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے اعداد و شمار پیش کر دیے گئے، جن کے مطابق 2024 اور 2025 کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 43 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہوا، جہاں وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ 2024 میں 21 لاکھ سے زائد جبکہ 2025 میں تقریباً 22 لاکھ غیر ملکی سیاح پاکستان آئے۔

وزارت کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے آنے والے سیاحوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جہاں سے دو سال میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد پاکستان پہنچے۔ برطانیہ سے 10 لاکھ 17 ہزار سے زائد جبکہ امریکا سے 5 لاکھ سے زیادہ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق افغانستان سے 2024 میں 6 لاکھ 41 ہزار 199 اور 2025 میں 5 لاکھ 75 ہزار 674 سیاح پاکستان آئے۔ برطانیہ سے 2024 میں 5 لاکھ 3 ہزار 409 جبکہ 2025 میں 5 لاکھ 14 ہزار 412 افراد نے پاکستان کا سفر کیا۔

امریکا سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 2024 میں 2 لاکھ 61 ہزار 282 اور 2025 میں 2 لاکھ 48 ہزار 665 رہی۔ ایران سے دو سال کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 59 ہزار 720 سیاح پاکستان پہنچے، جن میں 2024 کے ایک لاکھ 6 ہزار 835 اور 2025 کے ایک لاکھ 52 ہزار 885 افراد شامل تھے۔

کینیڈا سے 2024 میں ایک لاکھ 16 ہزار 529 اور 2025 میں ایک لاکھ 17 ہزار 600 سیاح آئے۔ چین سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 2024 میں 74 ہزار 93 جبکہ 2025 میں بڑھ کر 85 ہزار 575 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی سے 2024 میں 41 ہزار 389 اور 2025 میں 43 ہزار 97 سیاح پاکستان آئے، جبکہ آسٹریلیا سے بالترتیب 59 ہزار 154 اور 58 ہزار 578 افراد نے پاکستان کا رخ کیا۔

دیگر ممالک میں ملائیشیا سے 2024 میں 14 ہزار 187 اور 2025 میں 11 ہزار 626 سیاح آئے، جبکہ تھائی لینڈ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 2024 میں 6 ہزار 762 اور 2025 میں 5 ہزار 694 ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button