کلوئی میں مختیارکار اور تپیداروں پر کھڑی فصل تباہ کرنے کا الزام،زمینداروں کا احتجاج،لاکھوں روپے کے نقصان کا دعویٰ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی تحصیل کلوئی کے گاؤں لگٹھیو مورا میں سروے زمین پر کاشت کی گئی تیار فصل کو رات کی تاریکی میں تباہ کرنے اور زمین کی باڑیں ختم کروا کر مویشی چھوڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ متاثرہ زمینداروں نے مختیارکار کلوئی اور تپیداروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں بانڌو مورا کے رہائشیوں اور زمینداروں فاروق نہڑیو، محمد اقبال نہڑیو، واحد بخش نہڑیو، عبدالرحمان نہڑیو اور نبی بخش نہڑیو نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گاؤں لگٹھیو مورا کے قریب واقع سروے زمین پر کاشت کی گئی فصل کی باڑیں رات گئے ختم کروا دی گئیں، جس کے بعد زمین میں مویشی چھوڑ دیے گئے اور انہوں نے کھڑی فصل کھا کر تباہ کر دی۔ اس واقعے کے نتیجے میں انہیں لاکھوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ احتجاج کرنے والے زمیندار فاروق نہڑیو کا کہنا ہے کہ مختیارکار کلوئی اور تپیداروں نے مبینہ طور پر بااثر افراد کے کہنے پر بغیر کسی پیشگی اطلاع کے رات کی تاریکی میں کارروائی کی، جس سے ان کی تیار فصل کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس اقدام کے ذریعے انہیں معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ دوسری جانب مختیارکار کلوئی عبدالقدیر میمن نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ مقامی دیہاتیوں کی جانب سے بار بار شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ گاؤں کے بااثر زمینداروں نے ان کے مویشیوں کی آمدورفت کے راستے بند کر رکھے ہیں۔ ان شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے فریق کی زمین کی حدود تک نشانات دکھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کوئی زیادتی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قبضا کرنے والوں کو تین مرتبہ نوٹیس بھی بھیجیں ہیں۔ متاثرہ زمینداروں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، کمشنر میرپورخاص ڈویژن، صوبائی وزیر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، فصل کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



