واٹس ایپ کا بڑا فیچر متعارف، اب اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال میں شرکت ممکن

واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق کال لنک موصول کرنے والے افراد اسے اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں کھول کر کال میں شامل ہو سکیں گے۔ یہ سہولت انفرادی اور گروپ، دونوں طرح کی کالز کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ ایک کال میں بیک وقت 32 افراد شرکت کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ صارفین کو ہاتھ اٹھانے، اسکرین شیئرنگ اور دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ یہ کالز مفت ہوں گی اور ان کے دورانیے پر بھی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
واٹس ایپ کال لنک کیسے بنایا جائے؟
کال لنک بنانے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ ایپلی کیشن میں کالز کے ٹیب پر جانا ہوگا، جہاں پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرکے کال لنک تیار کیا جا سکے گا۔
لنک بننے کے بعد اسے ان افراد کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے جنہیں کال میں شامل کرنا مقصود ہو۔ لنک موصول کرنے والے افراد اسے ویب براؤزر میں کھول کر اپنا نام درج کر سکیں گے اور میزبان کی اجازت ملنے کے بعد کال میں شرکت کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے، تاہم لنک کے ذریعے کال میں شرکت کرنے والوں کے لیے اکاؤنٹ لازمی نہیں ہوگا۔
واٹس ایپ نے مزید بتایا کہ مستقبل قریب میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے پلگ ان متعارف کرانے کا منصوبہ بھی ہے، جس سے صارفین کے لیے آن لائن میٹنگز اور گفتگو کا شیڈول بنانا مزید آسان ہو سکے گا۔



