سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک

سوات(جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس نے سوات میں علی الصبح انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر مظفر عرف خالد گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے قبضے سے قومی شناختی کارڈز بھی برآمد ہوئے، جن کے مطابق تینوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد ایک مکان سے تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، چھ میگزین اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ گیس سلنڈر، کھانا پکانے کے برتن، تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی تحویل میں لی گئی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گرد رواں سال پیش آنے والے متعدد دہشت گردی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث تھے، جن میں افضل خان گجر پر فائرنگ، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ اور سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کی ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔ پولیس حکام نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button