صاحبزادہ فرحان نے تاریخ رقم کردی، ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی اوپنر اور کپتان صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا اور سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز اسکور کیے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 2026 میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔ اس طرح پاکستانی اوپنر نے 9 رنز کی برتری حاصل کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان نے سیریز کے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کرکے اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا۔ انہوں نے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دوسرے میچ میں 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جبکہ تیسرے میچ میں 47 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی کپتان کی مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم کو سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، پاکستان نے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی کی بدولت سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
سیریز میں شاندار بیٹنگ پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔
صاحبزادہ فرحان کی حالیہ فارم کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز بنا چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی یہ کارکردگی پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔



