پاکستان ہاکی لیگ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان آج شام 5 بجے ہوگا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی لیگ (پی ایچ ایل) کے باقاعدہ لانچ کا اعلان آج شام 5 بجے کیا جائے گا۔ لیگ کا مقصد پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی، فروغ اور ترقی کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی لیگ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور میڈیا کاسٹ کی مشترکہ کاوش ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک میں ہاکی کے کھیل کو دوبارہ مقبول بنانا اور کھلاڑیوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان ہاکی لیگ میں عالمی شہرت یافتہ ہاکی اسٹارز کی شرکت متوقع ہے، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے کھیل کا تجربہ حاصل کرنے اور عالمی کھلاڑیوں سے سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

لیگ کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان کی کارکردگی بہتر بنانے اور قومی ہاکی کا معیار بلند کرنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔ اس اقدام کو پاکستان میں ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان ہاکی لیگ کے تحت پاکستان ہاکی فیڈریشن، کارپوریٹ اسپانسرز اور ٹیم مالکان کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، تاکہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

لیگ کا بنیادی ہدف ہاکی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا، کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا اور پاکستان میں اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button