ٹرمپ کا حوثیوں کے خلاف کارروائی کے لیے اردوان سے مدد لینے پر غور

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے مفادات کے تحفظ کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان سے یمن کے حوثیوں کے خلاف کارروائی میں مدد طلب کر سکتے ہیں، جبکہ ایران کے حوالے سے بھی امریکا جلد کوئی فیصلہ کرے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب کے مفادات کو نشانہ بنا کر انتہائی برا رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے حوثیوں کے خلاف کارروائی کے لیے مدد طلب کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں صدر اردوان وہی کریں گے جو میں ان سے کرنے کو کہوں گا۔ امریکی صدر نے ترک ہم منصب کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات اور ان کے لیے احترام کا بھی اظہار کیا۔
صدر ٹرمپ نے ایران سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا بہت جلد اس معاملے پر فیصلہ کرے گا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
امریکی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد ممکنہ جوابی کارروائی سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے ایک روز قبل ایرانی رہنماؤں کی ہلاکتوں کے معاملے پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاید امریکا نے ضرورت سے زیادہ ردعمل ظاہر کیا تھا، تاہم انہوں نے اس بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔



