آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027ء کے ٹکٹس کی ریکارڈ مانگ، 12 دن میں 44 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

دبئی (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ 2027ء کے ٹکٹس کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا، صرف 12 دنوں کے دوران دنیا بھر سے 44 لاکھ افراد نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے رجسٹریشن کروا لی، جبکہ ٹکٹوں کی درخواستوں کی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے جاری بیلٹ رجسٹریشن میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔ اب تک 142 ممالک سے شائقین کرکٹ نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو ایونٹ کی عالمی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

کرکٹ شائقین 21 نومبر تک آئی سی سی بیلٹ میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے خواہش مند شائقین کے لیے رجسٹریشن کی مقررہ تاریخ اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027ء جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہوگا۔ تینوں ممالک مشترکہ طور پر کرکٹ کے اس بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کریں گے، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں ون ڈے کرکٹ کے عالمی اعزاز کے لیے مقابلہ کریں گی۔

مزید خبریں

Back to top button