ڈیپلو اسپتال کی محفوظ مقام پر تعمیر کے لیے دوسرا بڑا احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے شہر ڈیپلو میں سرکاری اسپتال کو بلند اور محفوظ مقام پر تعمیر کرنے کے مطالبے کے حق میں عوامی ایکشن کمیٹی، جماعت اسلامی، عوامی تحریک اور سول سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی خالد چوک سے بدین اسٹاپ ڈیپلو تک نکالی گئی، جس میں سیاسی و سماجی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈیپلو اسپتال کی نئی عمارت ایسی بلند جگہ پر تعمیر کی جائے جہاں بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے اور اسپتال کے زیرِ آب آنے کا خطرہ نہ ہو۔احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ اسپتال بارشوں کے دوران پانی میں ڈوب جاتا ہے، جس کے باعث مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے باوجود اسپتال کو دوبارہ اسی پرانی جگہ پر تعمیر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر ذاتی مفادات اور لالچ کی بنیاد پر اسپتال کو پرانی جگہ پر تعمیر کروانا چاہتے ہیں، جو عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل عوامی مشکلات اور مستقبل میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو مدنظر رکھا جائے۔ شرکاء کے مطابق اسپتال کی محفوظ مقام پر تعمیر کے لیے یہ دوسرا بڑا احتجاج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو وہ انصاف کے حصول کے لیے عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ مظاہرین نے حکومت سندھ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈیپلو کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسپتال کو فوری طور پر بلند اور محفوظ مقام پر تعمیر کیا جائے۔



