لاہور میں موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب کی تجویز، سی ٹی او کا سیکرٹری انڈسٹریز کو خط

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب کو خط لکھ دیا، جس میں موٹرسائیکل مینوفیکچررز کے لیے مناسب مینوفیکچرنگ اسٹینڈرڈز متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں 62 فیصد ٹریفک حادثات مناسب اشارہ نہ دینے اور لین تبدیل کرتے وقت احتیاط نہ کرنے کے باعث پیش آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ماڈل روڈز پر 97 فیصد جبکہ دیگر سڑکوں پر 88 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کر رہے ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ کے استعمال کے ساتھ موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کی موجودگی بھی ضروری ہے تاکہ سوار پیچھے اور اطراف سے آنے والی ٹریفک کو دیکھ سکیں اور حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

سی ٹی او کی جانب سے لکھے گئے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ موٹرسائیکلوں کی تیاری کے دوران مرر کا راڈ مستقل طور پر نصب کیا جائے اور سائیڈ ویو مررز اتارنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ اس مقصد کے لیے مینوفیکچررز کو مناسب معیار کا پابند بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سائیڈ ویو مررز کے بغیر موٹرسائیکل چلانے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ ان کی مستقل تنصیب سے سواروں کو لین تبدیل کرنے اور دوسری گاڑیوں کی پوزیشن کا اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور موٹرسائیکل سواروں کے سفر کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button