سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت، حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کرے، لیاقت بلوچ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے سیاسی قیادت کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور آئین کے مبینہ غلط استعمال سے گریز کرے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے اقدامات قابل اعتراض ہیں اور جماعت اسلامی انہیں آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا آپشن استعمال کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو آئین کے غلط استعمال کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے اپنے سنگین اقدامات واپس لینے چاہییں۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کی گرفتاریوں سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرے اور مسائل کا حل سیاسی مکالمے کے ذریعے تلاش کرے۔

مزید خبریں

Back to top button