پوٹھوہار میں 111 منی ڈیمز مکمل، رواں مالی سال مزید 150 تعمیر کرنے کا ہدف مقرر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب کے تین سالہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت خطہ پوٹھوہار میں منی ڈیمز کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے، مالی سال 2025-26 کے دوران 111 منی ڈیمز کی تعمیر مکمل کرلی گئی، جبکہ رواں مالی سال راولپنڈی ڈویژن میں مزید 150 منی ڈیمز تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق منی ڈیمز کی تعمیر کے لیے کاشتکاروں کو 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ایک منی ڈیم کی تعمیر پر 17 لاکھ 50 ہزار روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر زرعی ضروریات کے لیے استعمال کرنا ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق منی ڈیمز کی تعمیر سے پوٹھوہار کے بارانی علاقوں میں پانی کی دستیابی بہتر بنانے اور بارانی زراعت کو آبپاش زراعت میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ ذخیرہ کیے گئے بارشی پانی کو فصلوں کی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، جس سے پانی کی قلت پر قابو پانے اور زرعی پیداوار میں بہتری کی توقع ہے۔

دوسری جانب کاشتکاروں نے منی ڈیمز کی تعمیر کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا زرعی ٹرانسفارمیشن پلان خطہ پوٹھوہار میں زراعت کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق بارشی پانی کو محفوظ بنانے سے فصلوں کی آبپاشی اور زرعی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button