ایان بشپ معاذ صداقت کی بیٹنگ کے معترف، نوجوان پاکستانی بلے باز کو ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دے دیا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر ایان بشپ نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دے دیا ہے۔

معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ نوجوان بلے باز اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری مکمل کرنے سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔

ایان بشپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں معاذ صداقت کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 میں جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے اس نوجوان کھلاڑی کی صلاحیتیں دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر نے مزید کہا کہ معاذ صداقت کی اچھی فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار ہے اور وہ نوجوان بلے باز کے کامیاب مستقبل کے لیے پُرامید ہیں۔ انہوں نے معاذ صداقت کو ایک اچھا ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا۔

کرکٹ کی اصطلاح میں ’360 ڈگری بیٹر‘ ایسے بلے باز کو کہا جاتا ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف زاویوں اور انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ معاذ صداقت کی جارحانہ اننگز نے ان کی بیٹنگ کی مہارت کو نمایاں کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button