بدین:صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو اوررسول بخش چانڈیو نے کڑیو گھنور پریس کلب کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے) صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو اور رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو نے کڑیو گھنور پریس کلب کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ کڑیو گھنور پریس کلب ہم سب کا مشترکہ ادارہ ہے اور اس ادارے کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لیے جس ممکنہ تعاون کی ضرورت ہوگی، وہ فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے، جس کی بنیادی ذمہ داری عوام تک درست، تصدیق شدہ اور غیرجانبدار معلومات پہنچانا ہے۔ کڑیو گھنور پریس کلب کے صحافی ہمیشہ ہر طبقے کے لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آتے رہے ہیں، جو قابلِ تحسین عمل ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا کی آمد سے خبروں تک رسائی میں تیزی آئی ہے، تاہم پرنٹ میڈیا جس ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ کام کرتا ہے، سوشل میڈیا کا بڑا حصہ ابھی تک اس معیار پر پورا نہیں اترتا۔ سوشل میڈیا پر بہت کم لوگ ایسے ہیں جو خبروں کی تصدیق کے بعد انہیں ذمہ داری کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنقید برائے تنقید کے بجائے تنقید برائے اصلاح کا رویہ اپنانا چاہیے۔ سرکاری اداروں کی خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے اچھے کاموں اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی اجاگر کرنا ضروری ہے اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو نے کڑیو گھنور پریس کلب کے تمام اراکین کو نئی عمارت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت محض ایک عمارت نہیں بلکہ مظلوم عوام کی آواز کا مرکز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پریس کلب عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، حق و سچ کا ساتھ دینے اور عوام کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر بدین سرفراز سموں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کے لیے ہر خبر کی تصدیق، افواہوں سے گریز اور خبر میں شامل تمام فریقین کا مؤقف پیش کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی عزت و احترام کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ذاتی پسند و ناپسند اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر حقائق کو اجاگر کرنا چاہیے۔ غیرجانبداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ اصولوں پر عمل کرنا صحافت کا بنیادی تقاضا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور میڈیا کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ محکمہ اطلاعات کی کوشش ہوتی ہے کہ سرکاری سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور اہم معاملات سے متعلق درست اور تصدیق شدہ معلومات بروقت میڈیا تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد، تعاون اور پیشہ ورانہ اصولوں پر مبنی ہیں۔ صحافیوں کو سرکاری معلومات تک رسائی حاصل کرنے اور سوالات پوچھنے کا حق حاصل ہے، جبکہ سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب، تصدیق شدہ اور بروقت معلومات فراہم کریں تاکہ عوام تک حقائق پر مبنی خبریں پہنچ سکیں تقریب میں کڑیو گھنور پریس کلب کے صدر عبدالرسول سموں، نائب صدر ناز مٹھو، جنرل سیکریٹری ساحل مہیری، جوائنٹ سیکریٹری عرفان غالب بخاری، خزانچی ملک اصغر راہی، آڈیٹر عبدالغنی پنہور، آفس سیکریٹری ڈاکٹر ملک محمد انور اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ملک مہتاب سمیت کڑیو گھنور کے سیاسی، سماجی اور تجارتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button