گھوٹکی کے رونتی کچے میں پہلی بارتین روزہ شہید بے نظیر بھٹو اسپورٹس فیسٹیول کرانے کا فیصلہ

گھوٹکی( رپورٹ وجے کمارچاولا)ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے رونتی کچے میں امن کی بحالی کا پیغام عام کرنے، مقامی نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور علاقے میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ تین روزہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسپورٹس فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ ۔ فیسٹیول کے دوران ملاکھڑا، کبڈی، والی بال، کرکٹ، بیلوں کی دوڑ سمیت مختلف ثقافتی اور روایتی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد اور ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتران کی مشترکہ صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنر اوباوڑو ایشاۂ زہرا، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نثار احمد چانڈیو اور مختلف صنعتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے کہا کہ کچے میں آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جس کے پیش نظر مقامی لوگوں کو خوشگوار اور تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے اسپورٹس فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے سماجی اور معاشرتی ترقی کے پروگرام کے تحت سندھ پولیس اور محکمہ کھیل کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول علاقے میں امن، بھائی چارے اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے کھلاڑی شرکت کریں گے، جس سے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے صنعتی اداروں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس اہم پروگرام کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتران نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پہلے سیکیورٹی خدشات کے باعث آمد و رفت مشکل تھی، آج وہاں لوگ زیادہ اعتماد کے ساتھ آ جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما، مثبت سوچ کے فروغ اور سماجی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ایس ایس پی نے صنعتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اس پروگرام میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ اسپورٹس فیسٹیول کو کامیاب اور یادگار بنایا جا سکے۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نثار احمد چانڈیو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رونتی کچے میں تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے تیاریاں اور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے کھلاڑی اور ملھ پہلوان شرکت کریں گے، جبکہ بیلوں کی دوڑ، کبڈی، ملاکھڑا، کرکٹ، والی بال اور دیگر مقامی و ثقافتی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے۔



