بدین:ترائی چوک تا کڑیو گھنوراورگولارچی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں کا احتجاج،انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)ترائی چوک سے ملا حسن، کورواہھ سمیت متعدد دیہات کو کڑیو گھنور اور گولارچی سے ملانے والی اہم سڑک خستہ حالی کا شکار ہوگئی، جس کے خلاف علاقہ مکینوں نے اصغر نوٹکانی، سلطان مری اور امیر بخش نوحانی کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دے کر کڑیو گھنور، گولارچی روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں مظاہرین کا کہنا تھا کہ سڑک کی تباہ حالی کے باعث علاقہ مکینوں، مسافروں، طلبہ، مریضوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث سفر کرنا عذاب بن گیا ہے، جبکہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہوجاتی ہے احتجاجی مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ بدین، محکمہ روڈز اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لے کر اس کی ازسرنو تعمیر اور مرمت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



