تھر کول بلاک ون پاور پلانٹ میں سلنڈر پھٹنے سے زخمی دوسرا نوجوان مزدور بھی جاں بحق، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھر کول بلاک ون کے پاور پلانٹ میں سلنڈر پھٹنے کے باعث لگنے والی آگ سے زخمی ہونے والا دوسرا نوجوان مزدور بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ واقعے میں دو مزدور زخمی ہوئے تھے، جن میں بھاوی جو تڑ کے رہائشی صحبت خاصخیلی اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے تھے، جبکہ نوجوان جے کمار سوٹھڑ گزشتہ روز دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں صحبت خاصخیلی کا جسم 80 فیصد جبکہ جے کمار سوٹھڑ کا جسم 50 فیصد جھلس گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سلنڈر کی مرمت کے دوران کوئلے کے جار کو صاف کرکے مرمت کرنا ضروری ہوتا ہے، تاہم مبینہ طور پر اس عمل کو نظرانداز کیا گیا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور دونوں مزدور جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاور پلانٹ میں حفاظتی انتظامات کا مناسب بندوبست نہیں ہے، جس کے باعث مزدور حادثات کا شکار ہوکر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ واقعے کے بعد پاور پلانٹ میں مزدوروں کی حفاظت کے انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



