بھارتی مسافر طیارے میں دورانِ پرواز پاوربینک میں آگ بھڑک اٹھی،ہنگامی طور پر حیدرآباد میں لینڈنگ

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کی دورانِ پرواز ایک مسافر کے پاور بینک میں مبینہ طور پر آگ لگنے سے طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 11 اکتوبر کو دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز میں اچانک سامان رکھنے والے اوپری خانے سے دھواں اٹھنے لگا۔ اطلاعات کے مطابق ایک مسافر کے پاور بینک میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد مسافر خوفزدہ ہوگئے اور اپنا سامان نکالنے لگے۔
ایئرلائن کے مطابق عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا، تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر پائلٹس نے طیارے کا رخ حیدرآباد کی جانب موڑ دیا۔
طیارے نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ واقعے میں تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں طیارے کے اندر پیش آنے والی صورتحال کے حوالے سے صارفین کی توجہ اس جانب مبذول ہوئی ہے کہ دورانِ پرواز لیتھیم بیٹری والے آلات میں خرابی کس قدر سنگین صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔



