نیویارک میں سینکڑوں افراد کا سپائیڈر مین روپ میں اجتماع، گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش ناکام

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں مارول کے سیکڑوں مداحوں نے سپائیڈر مین کا لباس پہن کر گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی، تاہم شرکا کی تعداد موجودہ عالمی ریکارڈ سے کم رہنے کے باعث یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

یہ منفرد تقریب نیویارک کامک کون کے دوران منعقد ہوئی، جس کا اہتمام کھلونے بنانے والی کمپنی جازویئرز نے ڈزنی کنزیومر پروڈکٹس کے اشتراک سے کیا۔ تقریب کا مقصد ایک ہی مقام پر سپائیڈر مین کا لباس پہن کر جمع ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد کا عالمی ریکارڈ قائم کرنا تھا۔

منتظمین نے تاحال تقریب میں شریک افراد کی حتمی تعداد جاری نہیں کی، تاہم ان کے مطابق شرکا کی تعداد موجودہ عالمی ریکارڈ تک پہنچنے میں ناکام رہی۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایک مقام پر سپائیڈر مین کا لباس پہن کر جمع ہونے والے افراد کا موجودہ ریکارڈ 685 افراد کے نام ہے۔

یہ ریکارڈ 2023 میں سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ ملائیشیا نے فلم ’’اسپائیڈر مین: ایکروس دی اسپائیڈر ورس‘‘ کی سینما گھروں میں ریلیز کے موقع پر قائم کیا تھا۔

اگرچہ نیویارک میں ہونے والی یہ کوشش عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی، تاہم اس تقریب نے سپائیڈر مین کے مداحوں کو ایک جگہ جمع ہونے اور اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کے روپ میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔

مزید خبریں

Back to top button