پاکستان پولٹری پیداوار میں دنیا کا 11واں بڑا ملک، برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پولٹری کی پیداوار میں دنیا بھر میں 11ویں نمبر پر ہے، تاہم اس شعبے کی بھرپور صلاحیت کے باوجود پولٹری مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا، جس کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایسی نمائشیں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ حکومت پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان کی پولٹری انڈسٹری سے تقریباً 15 لاکھ خاندان وابستہ ہیں، جبکہ یہ شعبہ سالانہ 2.5 ارب کلوگرام گوشت اور 28 ملین انڈے پیدا کرتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستان کی پولٹری مصنوعات کی برآمدات 40 لاکھ ڈالر سے زیادہ نہیں ہیں، جبکہ عالمی پولٹری مارکیٹ کا حجم تقریباً 45 ارب ڈالر ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ وسطی اور جنوبی ایشیا میں گوشت کی برآمدات کے اندر پولٹری کا حصہ بھی کم ہے، جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پولٹری انڈسٹری کی ترقی سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں سیلز ٹیکس چوری کی روک تھام کو بھی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا فوری تدارک ہونا چاہیے۔ وزیراعظم بھی سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ پولٹری کے شعبے میں سرمایہ کاری، کاروباری روابط کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے ذریعے پاکستان عالمی منڈی میں اپنا حصہ بڑھانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔



