خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی تیاریاں مکمل

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے ممکنہ نفاذ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ صوبے کے 12 اضلاع میں ابتدائی طور پر ایمرجنسی لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے نتائج سے مشروط بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں ممکنہ انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کرلیا گیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنرز اور سیکریٹریز کی تعیناتیوں سے متعلق امور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریجنل پولیس افسران اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی تعیناتیوں کے لیے بھی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق فیصلہ حکومت اور اپوزیشن کے وفود کے درمیان مذاکرات کی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد میں اہم اجلاس متوقع

خیبرپختونخوا کی صورتحال اور ممکنہ آئینی اقدامات کے معاملے پر اسلام آباد میں جلد اہم اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کو بھی اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی جلد طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس کے دوران قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے ساتھ خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال اور ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کا بھی ہنگامی اجلاس طلب

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی اپنی مرکزی کمیٹی اور کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جو کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت شرکت کرے گی، جبکہ صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کریں گے۔

اجلاس میں اسد قیصر، عاطف خان، جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران لانگ مارچ، حکومت سے مذاکرات، خیبرپختونخوا میں ممکنہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت کے لیے پشاور روانہ ہوگئے ہیں اور اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں ممکنہ آئینی اقدامات اور سیاسی مذاکرات کے حوالے سے آئندہ ہونے والے اجلاسوں اور مذاکرات کے نتائج کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تاحال کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button