مجھے امن انعام نہ ملا تو یہ نوبیل کمیٹی کیلئے بھی باعثِ تنقید ہو گا،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر نوبیل امن انعام جیتنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد 8 جنگیں ختم کروائی ہیں۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے ایسے کام کیے ہیں جو اس سے پہلے کسی صدر نے نہیں کیے، اگر مجھے امن انعام نہ دیا گیا تو یہ نوبیل کمیٹی کے لیے بھی باعثِ تنقید ہو گا۔

انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ مجھے یقین نہیں کہ ناروے کی نوبیل کمیٹی مجھے انعام دے گی شاید اس کمیٹی کو شہرت مجھ جیسے لوگوں کو انعام نہ دینے کی وجہ سے ملی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ وہ نوبیل امن انعام کے حق دار ہیں۔

پاکستان نے باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے، جبکہ اسرائیل اور کمبوڈیا کے رہنماؤں نے بھی ان کی حمایت یا نامزدگی کا ذکر کیا ہے، تاہم ان نامزدگیوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

دوسری جانب امریکی صدر جن تنازعات کو حل کروانے کا دعویٰ کر رہے ہیں، ان میں بعض کے فریق ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار سے اختلاف کرتے ہیں اور کچھ علاقوں میں تو دوبارہ لڑائی بھی شروع ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ 2026ء کے نوبیل امن انعام کا اعلان 9 اکتوبر کو ناروے کی نوبیل کمیٹی کرے گی۔

اس انعام کو حاصل کرنے کے لیے فہرست میں ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ پوپ لیو، عالمی عدالتی ادارے اور دیگر شخصیات و تنظیمیں بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button