پی ٹی آئی جان بوجھ کر پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزامات عائد کر رہی ہے،شرجیل میمن

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 15 اکتوبر کو چین کے شہر شنگھائی میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرے گی، جس میں چین کی سیکڑوں کاروباری کمپنیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد چین روانہ ہوگا، جہاں سندھ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں حکومت سے حکومت (G2G) معاہدے کیے جائیں گے جبکہ کاروبار سے کاروبار (B2B) معاہدوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ چین کے اشتراک سے صوبے میں نئے منصوبے لائے جائیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری پاکستان آئے، کیونکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد حاصل ہوگی۔
شرجیل میمن نے پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا بھر میں معروف قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کا کوئلہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور تھر کے کوئلے سے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 1100 نئے اسکول تعمیر کیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کی توجہ ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں پر رہی ہے۔
پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد میں مذاکرات نتیجہ خیز مرحلے میں پہنچنے والے تھے تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکرات کو سبوتاژ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جان بوجھ کر پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزامات عائد کر رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے پیپلزپارٹی پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان الزامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔



