بیلجیئم میں طلبا کا احتجاج شدت اختیار کرگیا،107افراد گرفتار

بیلجیئم (جانو ڈاٹ پی کے) مشرقی بیلجیئم کے شہر لیج میں تعلیمی اصلاحات اور ٹیوشن فیسوں میں اضافے کے منصوبوں کے خلاف طلبا کے احتجاج کے بعد سیکیورٹی حکام کو الرٹ کردیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں احتجاجی مقامات پر املاک کو نقصان پہنچانے اور آتش زنی کے الزامات میں 107 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
حکومت کے سرکاری الرٹ سسٹم نے تاجروں کو کاروبار جلد بند کرنے کا مشورہ دیا، جبکہ شہر کا سینٹرل اسٹیشن بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا، جس کے باعث ٹریفک اور عوامی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔
پولیس نے شہریوں کو شہر کے مرکز میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ جائے وقوعہ پر مظاہرین کی روک تھام اور شناخت کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق احتجاج فرانسیسی زبان والے تعلیمی حکام کی جانب سے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی منصوبوں کے خلاف شروع ہوئے، جن میں ٹیوشن فیس میں اضافے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔



