جن نکالنے کے نام پر لڑکی پر تشدد، ملزم نذیر خان کو 3 سال قید کی سزا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے دم درود اور جن نکالنے کے نام پر بیمار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ملزم نذیر خان کو 3 سال قیدِ با مشقت کی سزا دے دی۔
سول جج مبشر حسن چشتی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 96 لاکھ 76 ہزار 195 روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت میں موجود ملزم نذیر خان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
مقدمے کے مطابق مدعی سعید اللہ جان اپنی بیمار بھتیجی زبیدہ بی بی کو روحانی علاج کی غرض سے ملزم نذیر خان کے پاس لے گیا تھا۔ الزام کے مطابق ملزم نے جن نکالنے کے بہانے لڑکی کے چہرے اور کان پر پے در پے تھپڑ مارے اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق تشدد کے نتیجے میں زبیدہ بی بی کے بائیں کان کا پردہ پھٹ گیا، جس کے باعث وہ سماعت سے محروم ہوگئی۔
ملزم نذیر خان کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر عدالت میں کارروائی کے بعد جرم ثابت ہونے پر اسے قید اور دیت کی سزا سنائی گئی۔



