رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے ازدواجی تنازع میں نیا موڑ، نان نفقے کا دعویٰ دائر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان جاری ازدواجی تنازع نے نیا رخ اختیار کرلیا، ایمان فاطمہ نے فیملی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اپنے اور بیٹے کے لیے نان نفقے اور مالی معاونت کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹس کے مطابق ایمان فاطمہ کی جانب سے دائر کیے گئے دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں اور ان کے بیٹے کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔ معاملہ عدالت میں پہنچنے کے بعد رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے درمیان اختلافات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
اس سے قبل رجب بٹ کی جانب سے طلاق کا نوٹس بھیجے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں وہ اپنے بیٹے کی سالگرہ میں شریک ہوئے، جس کے بعد دونوں کے درمیان صلح ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئی تھیں۔
ایمان فاطمہ کے وکلاء کے مطابق طلاق کا نوٹس متعلقہ اتھارٹی میں رجسٹر نہ ہونے کے باعث دونوں فریق تاحال قانونی طور پر میاں بیوی تصور کیے جاتے ہیں۔
اب نان نفقے کا دعویٰ فیملی کورٹ میں دائر ہونے کے بعد معاملہ قانونی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ ایک بار پھر دونوں کی نجی زندگی اور عدالتی کارروائی کی جانب مرکوز ہوگئی ہے۔



