کیچ میں منشیات کا سمندر پکڑا گیا، 56 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی بھاری کھیپ برآمد

کیچ (جانو ڈاٹ پی کے)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک اسمگلنگ کے لیے مبینہ طور پر ذخیرہ کی گئی 3825 کلوگرام منشیات برآمد کرلی، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مجموعی مالیت 56 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیچ کے علاقے جُوسک میں ایک کمپاؤنڈ پر کارروائی کی گئی، جہاں بھاری مقدار میں منشیات ذخیرہ کیے جانے کی اطلاع تھی۔
اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 8 کلوگرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی عارضی ذخیرہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کیے جانے کے بعد مناسب موقع ملنے پر سمندری راستے کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی جانی تھیں۔
اے این ایف نے منشیات قبضے میں لینے کے بعد اس سے منسلک مبینہ اسمگلنگ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی ہے، جبکہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق حالیہ کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اے این ایف کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل بھی انٹیلی جنس معلومات اور بروقت رابطے کے نتیجے میں دوست ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سری لنکا کی کولمبو بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 463 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کی تھی۔



