انسٹاگرام کا خفیہ فیچر سامنے آگیا،صارف بغیر ڈیجیٹل فٹ پرنٹ براؤز کرسکیں گے

کیلیفورنیا (جانو ڈاٹ پی کے) میٹا کی ملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام ایک ایسے منفرد فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین پلیٹ فارم پر موجود مواد دیکھ سکیں گے، تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کی نمایاں سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق نئے ’ریڈ اونلی موڈ‘ کو فعال کرنے کے بعد صارف انسٹاگرام پر مختلف مواد براؤز تو کرسکے گا، لیکن لائیک، کمنٹ، میسج، فالو کرنے اور اسٹوریز دیکھنے سمیت متعدد بنیادی فیچرز تک رسائی محدود کردی جائے گی۔
اس نئے موڈ کو کسی حد تک انکوگنیٹو موڈ سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد صارفین کو بغیر نمایاں ڈیجیٹل فٹ پرنٹ چھوڑے پلیٹ فارم پر مواد دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فیچر ممکنہ طور پر انسٹاگرام کی ماہانہ فیس پر مبنی ’انسٹاگرام پلس‘ سبسکرپشن سروس کا حصہ بن سکتا ہے، تاہم فیچر کی حتمی دستیابی اور تمام تفصیلات کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔



