فتح 4 نے میدان مار لیا، جدید ایویونکس سے لیس کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، جسے ملکی دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 کروز میزائل جدید ایویونکس اور نیویگیشن آلات سے لیس ہے اور طویل فاصلے تک اہداف کو درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں سے متعلق اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی توثیق کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد میزائل کی درستگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی بقا کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
پاک فوج کے اعلیٰ حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔
فتح 4 کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے مبارکباد پیش کی۔ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ حکام کی تکنیکی مہارت، محنت اور عزم کو سراہا۔



