لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، آج اور کل بارش کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آگیا، شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 158 ریکارڈ کی گئی جبکہ مختلف علاقوں میں بھی ایئر کوالٹی کی صورتحال خراب رہی۔
فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ ٹو میں آلودگی کی شرح 179، پیراگون سٹی میں 174، اقبال ٹاؤن میں 166، برکی روڈ میں 162 جبکہ کینٹ میں 151 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج اور کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں صبح کا آغاز دھوپ کے ساتھ ہوا، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
بارش کی پیشگوئی کے باوجود شہریوں کو فضائی آلودگی اور موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



