لانگ مارچ ہمارا حق ہے، اسے نہ روکا جائے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے، تاہم لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے اور مارچ ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج مذاکرات کا سیشن ختم ہوگیا اور فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق فریقین نے کل مذاکراتی سیشن کی ضرورت پر اتفاق نہیں کیا، تاہم ایک دوسرے کے ساتھ بعض امور سے متعلق چیزیں شیئر کی جائیں گی اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ اجلاس ہوسکتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ مذاکرات کامیاب ہوں، تاہم لانگ مارچ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے اور تمام فریقوں سے اپیل ہے کہ اسے نہ روکا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کی آڑ میں کوئی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے خیبرپختونخوا کے عوام میں تناؤ پیدا ہو۔ مذاکرات کی صورتحال سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کسی معاملے کو آخری نہیں کہنا چاہیے، سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں ہوتی۔

خیبرپختونخوا میں لانگ مارچ کی صورت میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکان سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کا جواب ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے پر تاحال اتفاق نہیں ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button