لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے مذاکرات کی ناکامی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے اور اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرانے پر آمادہ نہیں ہوئی، جس کے باعث فریقین کے درمیان معاہدہ نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات دوبارہ کب ہوں گے، اس حوالے سے فی الحال کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بھی مذاکرات ناکام ہونے کی وجہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی یقین دہانی نہ کرانے کو قرار دیا۔

طلال چودھری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کرنا چاہتی، جبکہ انسداد دہشت گردی کے معاملے پر اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم کے رویے سے مایوسی ہوئی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے، اس لیے اس معاملے میں تمام فریقوں کو تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون ضروری ہے، جبکہ نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد کے بغیر دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنا مشکل ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button