خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں 4 ارب 29 کروڑ روپے کی گیس چوری کا انکشاف

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مالی سال 2025-26 کے دوران 4 ارب 29 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ صوبے میں گیس نقصانات کی شرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 3.5 فیصد بڑھ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی اضلاع میں اوسطاً ہر ماہ 35 کروڑ 78 لاکھ روپے اور روزانہ تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی گیس چوری ہو رہی ہے۔

گیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے مبینہ عدم تعاون کے باعث گیس چوری کی روک تھام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ بعض سیاسی قائدین کی سرپرستی کے باعث بھی گیس چوری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب کرک کے گاؤں نشپا کے قریب گیس پائپ لائن سے مبینہ غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کے دوران دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔

گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس چوری کے واقعات سے نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ غیر قانونی کنکشن شہریوں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button