غزہ میں شہریوں کا تحفظ اور بلا رکاوٹ امداد یقینی بنائی جائے، پاکستان

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے غزہ میں شہریوں کے تحفظ، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور عالمی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں بیان دیتے ہوئے عثمان جدون نے کہا کہ انسانی حقوق کے نظام کی ساکھ اصولوں اور ان پر عملدرآمد کے درمیان خلیج ختم کرنے سے وابستہ ہے۔ عالمی قانون اور انسانی حقوق کے اصول ایک جگہ لاگو اور دوسری جگہ نظر انداز کرنا قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام کی مشکلات عالمی برادری کے انسانی حقوق سے وابستگی کا فیصلہ کن امتحان ہیں۔ پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور یہی اصول جموں و کشمیر کے عوام پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تقریباً آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور اجنبی بیزاری کے بڑھتے رجحانات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاکستانی نائب مستقل مندوب نے کہا کہ انسانی وقار کا انحصار کسی فرد کے مذہب، قومیت یا شناخت پر نہیں ہونا چاہیے۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق سے متعلق وعدوں اور زمینی حقائق کے درمیان موجود خلیج ختم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وقار کا تعین طاقت سے نہیں، انصاف کو سیاست سے مشروط نہیں ہونا چاہیے اور ترقی کو مراعات کے بجائے انسانی حقوق کے اصولوں کے تحت دیکھا جانا چاہیے۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق کے اصولوں کا عالمگیر اور بلاامتیاز اطلاق یقینی بنانا ہوگا۔



