جموں و کشمیر نہ بھارت کا اٹوٹ انگ تھا نہ ہے نہ ہوگا، پاکستان

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ میں پاکستان نے جموں و کشمیر کے معاملے پر بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں بھارتی نمائندے کے بیان پر حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے، تاہم بھارت ان قراردادوں پر عملدرآمد سے انکار کرکے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
پاکستانی سفارتکار نے مزید الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی معاونت اور مالی سرپرستی کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے اصول کی حمایت جاری رکھے گا۔



