گوگل نے طاقتور ترین اے آئی ماڈل پیش کردیا، عام صارفین کو فوری رسائی نہیں ملے گی

سان فرانسسکو (جانو ڈاٹ پی کے)گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنا نیا ماڈل Gemini 4 Argon متعارف کرا دیا ہے، جسے کمپنی نے پیچیدہ اور طویل مدتی کاموں کے لیے اپنی نئی فرنٹیئر ٹیکنالوجی قرار دیا ہے۔

گوگل کے مطابق Argon کو کوڈنگ، تحقیق، تحریر، قانونی و مالی امور اور سائبر سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں پیچیدہ کام انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ماڈل اس وقت عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں بلکہ منتخب اور قابلِ اعتماد سائبر سیکیورٹی ماہرین کو فراہم کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ Gemini 4 Argon کو خاص طور پر سائبر دفاع کے لیے تربیت دی گئی ہے اور یہ خودکار طور پر سافٹ ویئر کی اہم کمزوریوں کو تلاش، جانچ اور بعض صورتوں میں دور کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ گوگل کے مطابق ماڈل نے سائبر سیکیورٹی کے مختلف اندرونی جائزوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

گوگل کے مطابق اس ماڈل کی ایک اہم خصوصیت اس کی ایک ملین ٹوکنز تک کی آؤٹ پٹ صلاحیت ہے، جس سے یہ طویل اور متعدد مراحل پر مشتمل کاموں پر زیادہ تفصیل سے کام کرسکتا ہے۔ کمپنی کے انجینئرز اسے ڈی بگنگ، الگورتھم ڈیزائن اور بڑے کوڈ بیس کی منتقلی جیسے کاموں میں استعمال کر رہے ہیں۔

گوگل نے بتایا کہ Argon کے ذریعے اس کے اندرونی نظام میں بڑے پیمانے پر کوڈ کی منتقلی اور اصلاح سمیت مختلف تجربات کیے جا رہے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ماڈل کو وسیع پیمانے پر جاری کرنے سے قبل حفاظتی اقدامات اور جانچ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق گوگل نے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے اس ماڈل کی طاقت کے پیش نظر ابتدائی رسائی محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ غلط استعمال کے خطرات کا جائزہ لیا جاسکے۔ عام صارفین اور ڈویلپرز کے لیے وسیع دستیابی کی تاریخ ابھی واضح نہیں کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button