کوٹ لکھپت جیل میں خونی تصادم،6افسراوراہلکار معطل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) کوٹ لکھپت جیل لاہور میں 30 ستمبر کی شام لاک اپ کے بعد قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، واقعے پر محکمہ جیل خانہ جات نے 6 افسران و اہلکاروں کو 90 روز کے لیے معطل کردیا۔رپورٹ کے مطابق جیل کے کچن ایریا میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے دوران مبینہ طور پر خود ساختہ کٹر سے حملہ کیا گیا۔ واقعے میں سزا یافتہ قیدی محمد اشرف سمیت متعدد قیدی زخمی ہوئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں محمد اشرف نے صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر دم توڑ دیا۔ ایکسپریس اردو کے مطابق جاں بحق قیدی کی شناخت 42 سالہ اشرف کے نام سے ہوئی، جو 302 کے مقدمے میں جیل میں تھا، جبکہ ایک زخمی قیدی کا علاج جاری ہے۔واقعے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں فرائض میں غفلت اور نااہلی کے معاملے پر 6 افسران و اہلکاروں کو 90 روز کے لیے معطل کردیا۔معطل کیے جانے والوں میں 2 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس، ایک چیف وارڈر اور 3 وارڈرز شامل ہیں، جن میں انچارج کچن اور انچارج سنٹرل ٹاور بھی شامل ہیں۔محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور سپرنٹنڈنٹ کے حوالے سے انکوائری رپورٹ سیکریٹری داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے، جبکہ واقعے کے دیگر قانونی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔



