پاکستان ریلوے کی بڑی مالی کامیابی،125گوداموں کی نیلامی سے آمدن میں743فیصد اضافہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ریلوے نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں موجود 125 گوداموں کی کامیاب نیلامی کے ذریعے سالانہ آمدن میں نمایاں اضافہ حاصل کرلیا۔

تازہ رپورٹ کے مطابق ان گوداموں سے پاکستان ریلوے کی سابقہ سالانہ آمدن 7 کروڑ 22 لاکھ روپے تھی، جو نیلامی کے بعد بڑھ کر 33 کروڑ 10 لاکھ 80 ہزار روپے سالانہ ہوگئی ہے۔ اس طرح صرف سالانہ آمدن میں 358.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ معاہدے کے تحت پاکستان ریلوے کو ایک سال کی سیکیورٹی کی مد میں 27 کروڑ 77 لاکھ 20 ہزار روپے بھی حاصل ہوں گے۔

یوں کرایے اور سیکیورٹی کی رقم کو ملا کر پہلے ہی سال پاکستان ریلوے کو ان گوداموں سے مجموعی طور پر تقریباً 60 کروڑ 88 لاکھ روپے کی مالی آمدن متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سابقہ سالانہ آمدن کے مقابلے میں 743.5 فیصد اضافہ بنتا ہے۔پاکستان ریلوے کے مطابق ادارے کے غیر فعال اور کم استعمال ہونے والے اثاثوں کو تجارتی بنیادوں پر بروئے کار لانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد اضافی مالی وسائل پیدا کرنا اور ادارے کو مالی طور پر مزید مستحکم بنانا ہے۔

بادامی باغ لاہور کا ایک اہم تجارتی علاقہ ہے، جہاں پاکستان ریلوے کے گوداموں کو طویل مدتی لیز پر دینے کے منصوبے بھی پہلے سامنے آچکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button