امریکا میں شیر خوار سمیت 4 بچوں کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر تفریحی دورے پر جانے والی ماں گرفتار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکا میں شیر خوار سمیت چار بچوں کو گھر میں بےسہارا چھوڑ کر کروز شپ کے تفریحی دورے پر جانے والی ماں کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایک 29 سالہ ماں کو اپنے چار بچوں کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر کروز پر جانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچوں میں 2 ماہ کا شیر خوار اور 2 سالہ بچہ بھی شامل تھے۔
پولیس کے مطابق بلیزائر نے 24 ستمبر کو سوشل میڈیا پر کروز کا ٹکٹ پوسٹ کیا تھا۔ اسی روز مبینہ طور پر اس نے ایک شخص کو بتایا، جسے اس کی 2 ماہ کی بیٹی کا والد سمجھا جاتا ہے، کہ وہ بچوں کو ان کی پردادی کے پاس چھوڑنے جارہی ہے۔
چند روز بعد مذکورہ شخص گھر پہنچا تو اس نے بچوں کو اکیلا پایا۔ پولیس نے گھر میں داخل ہونے کے لیے دروازہ توڑا اور چاروں بچوں کو باتھ روم میں چھپا ہوا پایا۔
پولیس کے باڈی کیمروں میں بچوں کو دریافت کیے جانے کا منظر بھی ریکارڈ ہوا، جس میں بچے خوف زدہ دکھائی دیے۔
تفتیش کاروں کے مطابق چاروں بچوں کی نگرانی کے لیے گھر میں کوئی بالغ شخص موجود نہیں تھا۔ سب سے چھوٹی بچی رواں سال جولائی میں پیدا ہوئی تھی۔
عدالت میں پیشی کے دوران جج نے بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کوئی ماں نومولود بچے کو گھر میں اکیلا کیسے چھوڑ سکتی ہے؟
پولیس نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ بلیزائر کروز شپ کے ذریعے شہر سے باہر گئی تھی۔ نارتھ میامی بیچ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار پیر کو اس کی واپسی کے وقت میامی بندرگاہ پر موجود تھے اور کروز سے اترتے ہی اسے حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے خلاف بچوں کی غفلت کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عدالت نے 10 ہزار ڈالر ضمانتی رقم مقرر کرتے ہوئے اسے بچوں سے براہِ راست یا بالواسطہ کسی بھی قسم کے رابطے سے روک دیا ہے۔ حکم کے مطابق وہ بچوں سے کم از کم 500 فٹ کے فاصلے پر رہے گی، جس میں بچوں کا گھر اور اسکول بھی شامل ہیں۔



