کرشنگ سیزن قریب، شوگر ملز نے حکومت کو خبردار کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)شوگر بحران کے خدشات کے درمیان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے شوگر سیکٹر کو مکمل طور پر آزاد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرکے مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملکی کاشتکار تنظیمیں بھی شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کا مطالبہ کررہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فروری 2026 سے اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے اور اس حوالے سے متعدد حکومتی اجلاسوں، خطوط اور میڈیا کے ذریعے حکومت کی توجہ دلائی گئی۔
ترجمان کے مطابق تقریباً 10 لاکھ ٹن اضافی چینی فوری طور پر برآمد کی جانی چاہیے تھی، جبکہ کرشنگ سیزن بھی قریب آچکا ہے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ فیصلہ کرنے میں مزید تاخیر صنعت اور کسانوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے فیصلے کے بعد امید ہے کہ باقی 8 لاکھ ٹن چینی کی برآمد کی اجازت بھی جلد دی جائے گی۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق اضافی چینی کے بروقت انتظام اور سیکٹر کو آزاد مارکیٹ کے اصولوں پر چلانے سے صنعت اور کاشتکاروں کو بہتر منصوبہ بندی میں مدد مل سکتی ہے۔



