این ایچ اے کے اہم منصوبوں کی تکمیل کی ڈیڈ لائن مقرر، وزیراعظم افتتاح کریں گے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے جاری اور مجوزہ منصوبوں سے متعلق اہم فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دے دی، جبکہ مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے ٹائم لائن بھی مقرر کردی گئی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے جائزہ اجلاس میں جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں این ایچ اے کے مختلف منصوبے آئندہ چند ماہ میں مکمل ہوکر افتتاح کے لیے تیار ہوجائیں گے۔
اجلاس میں کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے این-25 پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ عبدالعلیم خان نے موٹروے ایم-6 کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ لودھراں، ملتان ایکسپریس وے دسمبر جبکہ پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے کا توسیعی کام جنوری میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق ان منصوبوں سمیت پشاور ناردرن بائی پاس کا افتتاح وزیراعظم کریں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ اے کا نیٹ ورک ملک کی مجموعی شاہراہوں کا صرف 3.13 فیصد ہے، تاہم ان شاہراہوں پر ٹریفک کا حجم 80 فیصد سے زائد ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کو این ایچ اے کی گزشتہ ڈھائی سال کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ بھی جلد پیش کی جائے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ جہاں سے ریونیو حاصل ہورہا ہے وہاں نئی سڑکوں کی تعمیر این ایچ اے اپنے وسائل سے کرے گا، جبکہ بلوچستان میں 108 ارب روپے کے منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔وفاقی وزیر مواصلات نے ایم-4 سمیت مختلف شاہراہوں کی ڈیزائننگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لاہور، گوجرانوالہ جی ٹی روڈ سیکشن کی ابتر حالت کا بھی نوٹس لیا اور این ایچ اے کو سڑک کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔



