پنجاب بھر میں40پرائمری سٹروک سینٹر فعال،17مزید دسمبر تک فعال ہوں گے،عظمیٰ بخاری

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کینسر کے علاج کے ساتھ ساتھ سٹروک کے علاج معالجے کے لیے بھی فیصلہ کن اقدامات کر رہی ہیں، پنجاب میں پہلی مرتبہ صوبے بھر میں سٹروک سینٹر قائم کیے جارہے ہیں۔عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے فالج کا شکار 336 مریضوں کی جانیں بچائی گئی ہیں، جبکہ پنجاب میں 40 پرائمری سٹروک سینٹر مکمل طور پر فعال ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید 17 سٹروک سینٹر دسمبر تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔ تمام سٹروک سینٹرز میں فالج کے مریضوں کے لیے 710 ٹی این کے انجیکشن دستیاب ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب فالج کے کسی متاثرہ مریض کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، مریم نواز پنجاب کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہا ہے، اسی وجہ سے دوسرے صوبوں سے بھی لوگ علاج کے لیے پنجاب آتے ہیں۔عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں اور تمام ٹیسٹ بھی مفت کیے جارہے ہیں۔



