سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے، طاہر اشرفی

مدینہ منورہ(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے، جس کے دفاع اور تحفظ کے لیے پاکستانی عوام اور قیادت کا عزم غیر متزلزل ہے۔
مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی میں فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے انسداد کے لیے عالمی کوششوں کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے یمنی حوثیوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے پیچھے امت کے دشمن عناصر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم اپنی اولاد، جان اور مال کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کا اللہ تعالیٰ اور سعودی قیادت کے ساتھ عہد ہے۔
مولانا طاہر اشرفی نے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فکری گمراہی، انتہاپسندی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انتہاپسندی کے اسباب کے خاتمے، اعتدال پسند فکر کے فروغ اور معاشروں میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔



