پٹرولیم لیوی میں کمی کا مطالبہ، لیاقت بلوچ نے حافظ نعیم سے منسوب بیان کی تردید کردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے منسوب غیر مصدقہ اور لغو بات پھیلائی جا رہی ہے۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم لیوی میں 35 سے 40 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ نہیں کیا، بلکہ حکومت سے پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز کے نام پر عائد اضافی بوجھ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر واپسی کے بعد بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، امید ہے وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے وعدہ پورا نہ کیا تو جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد کی جانب سپر مارچ کرے گی۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے دھرنے اور مارچ کے ذریعے اپنے مطالبات پیش کر رہی ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں 130 روپے سے زائد کے اضافی بوجھ کا خاتمہ جماعت اسلامی کی ترجیحِ اول ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی کال پر حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم لیوی سمیت بھتے کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button