پسند کی شادی کیس، ہائیکورٹ احاطے میں فریقین گتھم گتھا، سکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال سنبھال لی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پسند کی شادی کے کیس کی سماعت سے قبل ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت میں فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا، جس سے احاطہ عدالت میں ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ نے مبینہ طور پر اسے زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، جبکہ اس دوران لڑکی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
واقعے کے دوران ہائیکورٹ احاطے میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی کی موجودگی کے باوجود کچھ دیر کے لیے شدید ہنگامہ آرائی جاری رہی۔
مذکورہ کیس جسٹس محمد امجد پرویز کی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر تھا۔ واقعے کے بعد عدالت کے احاطے میں سکیورٹی انتظامات اور فریقین کے درمیان صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اہلکار متحرک رہے۔



